سوال: ایک اسلامی بہن کے گھٹنوں میں سخت تکلیف ہے،جس کی وجہ سے وہ زمین پر بیٹھ کر بھی نماز نہیں پڑھ پاتیں ،تو وہ تکبیر کھڑے ہوکر کہیں اور بقیہ کرسی پر بیٹھ کر اشاروں سے پڑھ لیں،تو کیا یہ درست ہے؟
جواب: اگر وہ اسلامی بہن زمین پر یا زمین پر رکھی ہوئی ایسی چیز جس کی اونچائی بارہ انگل سے زیادہ نہ ہو،اس پر بھی سجدہ نہیں کر سکتیں مثلا اس طرح سجدہ کرنے سے ناقابل برداشت تکلیف ہو گی یا مرض بڑھ جائے گا یا دیر سے اچھا ہوگا،تو اس صورت میں وہ کرسی پر بیٹھ کر اشارے سے نماز ادا کر سکتی ہیں ۔اور اگر وہ اسلامی بہن زمین پر یا زمین پر رکھی ہوئی ایسی چیز جس کی اونچائی بارہ انگل سے زیادہ نہ ہو،اس پر سجدہ کر سکتی ہیں،تو پھر اس صورت میں کرسی پر بیٹھ کر سجدے کے لئے اشارہ کافی نہیں ہوگا،اگر سجدہ پر قادر ہونے کے باوجود اس کے لئے اشارہ کیا تو سرے سے نماز ہی نہیں ہوگی۔اس صورت میں جتنی دیر قیام کر سکتی ہوں،اتنا قیام کریں ،پھر جب قیام پر قدرت ختم ہوجائے،تو کرسی پر بیٹھ کر نماز جاری رکھیں اور سجدہ زمین پر کر یں۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم