سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کسی نے امام سے آیتِ سجدہ سنی اور اس وقت وہ نماز میں شامل نہیں تھا بعد میں شامل ہوا ، تو کیا اس پرسجدۂ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں ؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں جس نے امام سے آیتِ سجدہ سنی اور اس وقت نماز میں شامل نہیں تھا ، اس پر سجدۂ تلاوت واجب ہے۔ سجدہ کرنے کے حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ آیتِ سجدہ سننے کے بعد امام کے سجدۂ تلاوت کرنے سے پہلے نماز میں شامل ہوا ، تو امام کے ساتھ سجدہ کرے۔ اور اگر امام کے سجدۂ تلاوت کرنے کے بعد اسی رکعت میں شامل ہوا جس میں امام نے آیتِ سجدہ تلاوت کی تھی ، تو وہ سجدہ نہیں کرے گا ، امام کا سجدہ اسے کافی ہے ، کیونکہ رکعت پانے کی وجہ سے وہ سجدہ کو پانے والا قرار پائے گا ، اگر اس رکعت کے علاوہ کسی اور رکعت میں شامل ہوا ، تو نماز سے فارغ ہونے کے بعد سجدہ کرے۔ یاد رہے اگر وہ نماز میں شامل ہی نہ ہوتا ، تب بھی اس پر سجدہ کرنا واجب ہوتا۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم