نماز کے دوران ، نماز کا وقت ختم ہوجائے تو ؟

سوال:  کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کسی شخص نے نمازِ ظہر یہ سمجھ کر شروع کی کہ ابھی وقت باقی ہے ، لیکن نماز پڑھنے کے بعد پتا چلا کہ وقت تو ختم ہوچکا تھا۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں جو نمازِ ظہر ادا کی گئی ، کیا وہ نماز ادا ہوگئی ؟  یا پھر اس نماز کو دوبارہ پڑھنا لازم ہوگا ؟ ؟ راہنمائی فرمادیں۔

جواب:  پوچھی گئی صورت میں اگر تو اس شخص نے نمازِ ظہر وقت میں شروع کی تھی مگر سلام پھیرنے سے پہلے ہی نماز کا وقت ختم ہوگیا ، تو اس صورت میں وہ نمازِظہر ادا ہوگئی ، کیونکہ فقہائے کرام کی تصریحات کے مطابق فجر ، جمعہ اور عیدین کے علاوہ دیگر نمازوں میں اگر نمازی وقت کے اندر تکبیرِ تحریمہ کہہ لے ، تو اس کی وہ نماز ادا ہوجائے گی۔

   البتہ اگر اس شخص نے نمازہی وقت ختم ہونے کے بعد شروع کی تھی اگرچہ اس کےاپنے خیال میں نماز کا وقت ابھی باقی تھا ، تو اس صورت میں بھی اس کی وہ نمازِ ظہر درست ہی ادا ہوگی کہ قضا نماز ادا کی نیت سے اور ادا نماز قضا کی نیت سے بھی ادا ہوجاتی ہے ، جیسا کہ فقہائے کرام نے اس بات کی صراحت کی ہے۔

   یہاں تک تو پوچھے گئے سوال کا جواب تھا البتہ صورتِ مسئولہ میں اگر نماز قضا ہونے والی صورت پائی گئی اور اس کوتاہی میں خطا کے بجائے غفلت کار فرما تھی تو نماز قضا کرنے کے گناہ سے توبہ کرنا بھی اس شخص پر ضروری ہے۔    ( مجمع الانھر ، 1 / 216- بہارِ شریعت ، 1 / 495 ، 701 )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

(دعوت اسلامی)

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے