سجدہ کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟

سوال:  سجدہ کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟

جواب:   نماز کا فرض سجدہ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سجدہ میں جاتے ہوئے پہلے گھٹنے رکھے جائیں، پھر ہاتھ ،پھر ناک  پھر پیشانی۔اور دونوں ہاتھ ،چہرہ  کے برابر میں اس طرح ہوں کہ   انگوٹھے کانوں کی سیدھ میں ہوجائیں اور انگلیوں  کارخ قبلہ کی طرف  کردےاور سجدے سے اٹھنے میں اس کا عکس کرے یعنی پہلے پیشانی اٹھائے،پھر ناک ،پھر ہاتھ اور پھر گھٹنے ۔نیز مرد کیلئے  سجدہ میں سنت یہ ہے کہ وہ اپنے بازو کروٹوں سے، پیٹ رانوں سے جدا رکھے، اور  کلائیاں زمین پر نہ بچھائے،ہاں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کی  صورت میں جب صف میں ہو تو اب بازو کروٹوں سے جدا نہ کرے۔ اور عورت سمٹ کر سجدہ  کرے  یعنی بازو  کوکروٹوں سے ،پیٹ  کو رانوں سے،رانوں کو پنڈلیو ں سے اور پنڈلیوں کو  زمین سے ملادے۔

   بہار شریعت میں ہے:’’سجدہ میں جائے تو زمین پر پہلے گھٹنے رکھے پھرہاتھ پھرناک پھرپیشانی اور جب سجدہ سے اٹھے تو اس کا عکس کرے یعنی پہلے پیشانی اٹھائے پھرناک پھرہاتھ پھرگھٹنے۔۔۔    رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم جب سجدہ کو جاتے، توپہلے گھٹنے رکھتے پھر ہاتھ اور جب اٹھتے تو پہلے ہاتھ اٹھاتے پھر گھٹنے۔  اصحاب سُنن اربعہ اور دارمی نے اس حدیث کو وائل ابن حجر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا۔)بہار شریعت،جلد1،حصہ3،صفحہ528،مکتبۃ المدینہ، کراچی (

   بہار شریعت ہی میں ہے:’’مرد کے ليے سجدہ میں سنت یہ ہے کہ بازو کروٹوں سے جدا ہوں،  اور پیٹ رانوں سےاور کلائیاں زمین پر نہ بچھائے، مگر جب صف میں ہو تو بازو کروٹوں سے جدا نہ ہوں گے۔ ۔۔(مگر)عورت سمٹ کر سجدہ کرے، یعنی بازو کروٹوں سے ملا دے،  اور پیٹ ران سے، اور ران پنڈلیوں سے،  اور پنڈلیاں زمین سے۔ملتقطاً  "(بہار شریعت،جلد1،حصہ3،صفحہ529-528،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

(دعوت اسلامی)

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے