سوال: نماز میں ایک رکعت کے اندر سورہ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ پڑھی اور سورت ملانے سے پہلے آمین کے بعد پھر پڑھی تو کیا یہ دو بار پڑھنا درست ہے جبکہ اس کی عادت بنی ہوئی ہے؟
جواب: امام ہو یا منفرد(تنہا نماز پڑھنے والا) دونوں کےلئے تمام رکعتوں میں سورہ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ پڑھنا مسنون یعنی سنت ہے اورسورہ فاتحہ کے بعد اگر سورت شروع سے پڑھنی ہوتو بسم اللہ پڑھنامستحسن یعنی اچھا عمل ہے۔ البتہ مقتدی یعنی امام کے پیچھے نماز پڑھنے والا قراءت نہیں کرے گا اور بسم اللہ شریف بھی نہیں پڑھےگا۔
بہارشریعت میں ہے:’’تعوذ صرف پہلی رکعت میں ہے اور تسمیہ ہر رکعت کے اوّل میں مسنون ہے۔ فاتحہ کے بعد اگر اوّل سورت شروع کی تو سورت پڑھتے وقت بسم اﷲ پڑھنا مستحسن ہے، قراء ت خواہ سری ہو یا جہری، مگر بسم اﷲ بہرحال آہستہ پڑھی جائے۔“(بہارشریعت ،جلد1،صفحہ423،مکتبۃالمدینہ،کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم