سوال: اگرکسی اسلامی بہن پرجنابت کی وجہ سے غسل فرض تھا،لیکن غسل کرنایادنہ رہا،اسی حالت میں نمازیں پڑھتی رہی،اس کے بعدحیض آیا،حیض ختم ہونے پر حیض کا غسل کیا ،تو کیا جنابت کا بھی غسل ہوگیا اور اب اسے یہ یاد نہیں کہ جنابت کی حالت میں کتنی نمازیں پڑھیں ہیں تو اب کتنی نمازیں پڑھے؟
جواب:دریافت کردہ صورت میں جب حیض سے پاک ہونے کے لئے غسل کیا تو غسل جنابت بھی ہوگیا ،جنابت کے لئے اب نیا غسل کرنے کی حاجت نہیں ،اور جو نمازیں جنابت کی حالت میں پڑھیں انہیں دوبارہ پڑھنا لازم ہے،رہا یہ کہ اب کتنی نماز یں دوبارہ پڑھنی لازم ہے ؟تو دیکھ لیا جائے کہ اس اسلامی بہن کو جنابت کب لاحق ہوئی تھی اور حیض کی ابتداء کب ہوئی ؟جنابت ہونے سے حیض کی ابتداء کے درمیان جو بھی نمازیں آئیں ،ان نمازوں کا اعادہ کر لیا جائے،البتہ اگر علم نہ ہوسکے کہ جنابت کب ہوئی، تو غالب گمان کرے کہ جنابت کب ہوئی ؟اور حیض کب آیا ؟غالب گمان پر عمل کرتے ہوئے نمازوں کا اعادہ کر لیا جائے۔