سوال: فرض نماز کے بعد جو سنت و نوافل پڑھتے ہیں اس میں قضائے عمری پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب:دریافت کردہ صورت میں اگرآپ کی مرادسنن و نوافل میں ہی قضانماز وں کی نیت کرناہے،توسنن ونوافل میں ہی قضاء نمازکی نیت نہیں کی جاسکتی،قضا نماز کے لئے علیحدہ سے نماز پڑھنا لازم ہے۔
البتہ اگرآپ کی مراد یہ ہے کہ سنن و نوافل پڑھنے کی بجائے قضانماز پڑھ لی جائے ،تواس بارے حکم شرعی یہ ہے کہ وہ سنن ونوافل کہ احادیث مبارکہ میں فضائل وبرکات منقول ہیں اورانہیں اداکرنے کی ترغیب آئی ہےجیسے جملہ سنن مؤکدہ ہو،غیرمؤکدہ عصروعشاء کی سنت قبلیہ،ظہر،مغرب وعشاء کے بعدکے نوافل،تہجدو اشراق وچاشت ، اوابین اورتحیة المسجد کے نوافل وغیرھا، انہیں قضا نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ ادا کیا جائے ،چھوڑا نہ جائے۔
البتہ ان کے علاوہ وہ نوافل کہ جن کا بطور خاص احادیث مبارکہ میں موجود نہیں اور آدمی بالکل اپنی طرف سے پڑھتا ہے ان میں افضل یہ ہےکہ پہلے ذمہ میں قضا نمازیں پڑھی جائیں اس کے بعد یہ نوافل پڑھیں جائیں۔