سوال: میں جہاں کام کرتا ہوں وہاں ایک کیبن نماز کے لئے بنایا ہے ،وہاں اذان و جماعت ہوتی ہے تو کیا میں وہاں نماز پڑھ سکتا ہوں ؟
جواب:دریافت کردہ صورت میں اگر قریب میں ایسی مسجد ہے کہ جس کی اذان کی آواز آپ کے کام کی جگہ پر پہنچتی ہے اور وہاں نماز پڑھنے میں کوئی مانع شرعی بھی نہیں ،تو آپ پر مسجد میں جا کر جماعت سے نماز پڑھنا واجب ہے ،یہاں نماز پڑھنے کی ہرگز اجازت نہیں ،البتہ اگر ایسا نہیں تو یہاںجماعت کے ساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں ،جبکہ یہاں ایسا شخص امامت کروائے کہ جو امامت کی شرائط پر پورا اترتا ہو ۔
اور بالغ غیر معذور مرد وں کی امامت کا اہل وہ شخص ہے جس میں درج ذیل شرائط پائی جائیں (1)سنی صحیح العقیدہ ہو (2)بالغ ہو (3)عاقل ہو (4)مرد ہو (5)قراء ت یعنی قرآن پاک درست مخارج کیساتھ پڑھ سکتا ہو(6)معذورشرعی نہ ہو (7)اس کا وضو،غسل ا ور طہارت صحیح ہو (8)اعلانیہ گناہ کرنے والا نہ ہو (9)اس میں کوئی ایسی بات نہ ہوجس کی وجہ سے نمازیوں کی تعداد میں کمی ونفرت پیدا ہو (10)طہارت ونماز کے مسائل جانتاہو ۔
جس میں یہ شرائط نہ پائی جائیں وہ بالغ غیر معذور افراد کی امامت کا اہل نہیں اور اس کے پیچھے نماز پڑھنا بھی جائز نہیں اور اگر پڑھ لی تو اس کا لوٹانا لازم ہوگا۔