سوال: مسبوق جب اپنی نماز پڑھنے کھڑا ہو ، تو تیسری و چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورت ملائے گا یا نہیں ؟
جواب: نماز کی جماعت میں سے جس نمازی کی کوئی رکعت رہ جائے ، اسے مسبوق کہتے ہیں اور مسبوق اپنی نماز میں منفرد کی طرح ہوتا ہے اور مسئلہ یہ ہے کہ فرائض کی تیسری اور چوتھی رکعت میں فاتحہ کے بعد سورت ملانا واجب نہیں ، البتہ منفرد کےلئے فرض کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کاپڑھنا بھی افضل ہے اور اس کے ساتھ سورت ملانابھی افضل ہے۔لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگریہ شخص چاررکعتی نمازکی چوتھی رکعت کے رکوع کے بعدجماعت میں شامل ہواتو جب یہ اپنی رہ جانے والی رکعتیں پڑھنے کے لیے کھڑا ہو گا ، تو پہلی دو رکعتوں میں تو فاتحہ و سورت پڑھنا لازمی ہو گا ،اور تیسری و چوتھی میں فاتحہ کاپڑھنا افضل ہے اورسورت کاملانابھی افضل ہے ۔
بدائع الصنائع میں ہے” وأما في الأخريين فالأفضل أن يقرأ فيهما بفاتحة الكتاب“ترجمہ:فرض کی آخری دو رکعتوں میں افضل یہ ہے کہ فاتحہ پڑھے۔(بدائع الصنائع،کتاب الصلاۃ،ج 1،ص 111،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم