سوال: حدیث مبارکہ ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور حسنین کریمن رضی اللہ عنہما کو چادر کے نیچے لیا یہ حدیث درست کیا ہے؟
جواب:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہابیان کرتی ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صبح کے وقت ایک سیاہ بالوں کی اونی چادر اوڑھے ہوئے باہر تشریف لائے تو آپ کے پاس حضرت حسن بن علی رضی اﷲ عنہما آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اُنہیں اُس چادر میں داخل کرلیا،پھرحضرت حسین رضی اللہ عنہ آئے اور وہ بھی ان کے ہمراہ چادر میں داخل ہوگئے،پھرسیدہ فاطمہ رضی اﷲ عنہاآئیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انھیں بھی اس چادرمیں داخل کرلیا، پھرحضرت علی کرم اﷲ وجہہ آئے توآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اُنہیں بھی چادر میں لے لیا۔پھرآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ آیت مبارکہ پڑھی:’’اے اھلِ بیت!اﷲ تعالیٰ تو یہی چاہتا ہے کہ تم سے (ہرطرح کی)آلودگی دُور کر دے اورتم کو (گناہوں سے) خوب پاک و صاف کر دے۔‘‘ اسے امام مسلم اور حاکم نے روایت کیا ہے۔(مسلم)