سوال : سولر ہیٹر سے براہ راست پانی پر دھوپ نہیں پڑتی مگر اس سولر سے پانی گرم کیا جاتا ہے ، تو کیا یہ کراہت میں آئے گا کہ سورج کی دھوپ سے گرم کئے ہوئے پانی سے وضو مکروہ ہے؟
جواب: پہلے تو یہ مسئلہ ذہن نشین کر لیں کہ مطلقا دھوپ کے گرم پانی سے وضو کرنا مکروہ نہیں، بلکہ اس میں علمائے کرام نے چند قیودات لگائی ہیں،(1)پانی گرم علاقے اور گرم موسم میں ہو(2)سونے اور چاندی کے علاوہ کسی اور دھات کے برتن میں گرم ہوا ہو(3)اورپانی استعمال کرتے وقت بھی گرم ہو۔ اور یہ بات بھی یاد رہے کہ اگر کسی پانی میں مذکورہ شرائط پائی گئیں اور اس سے وضو و غسل کر لیا تو دونوں ہو جائیں گے لیکن ایسا کرنا مکروہ تنزیہی ہے۔اور جہاں تک بات سولر سے حاصل کی گئی بجلی سے کئے گئے گرم پانی کا تعلق ہے تو چونکہ اس میں اس کراہت کی شرائط نہیں پائی جاتیں اس لئے اسے استعمال کرنا بلاکراہت جائز ہے۔