سوال: ایک ہی گھرمیں دو حاملہ عورتیں رہ سکتی ہیں ؟بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر ایک ہی گھر میں دو حاملہ عورتیں ہوں توکسی ایک کابچہ ضائع ہوجائے گا،تواس کی شریعت میں کیا حقیقت ہے؟
جواب: ایک ہی گھرمیں دو حاملہ عورتوں کااکٹھے رہنے میں شرعاًکوئی حرج نہیں اوران کے ایک ساتھ رہنے کو کسی ایک کے حق میں نقصان دہ سمجھنابدشگونی ہےاوربدشگونی لینامسلمانوں کاشیوہ نہیں،یہ توغیر مسلموں کا طریقہ ہے جیساکہ حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بارارشادفرمایاکہ بد شگونی شرک (یعنی مشرکوں کاسا کام)ہے اورہمارے ساتھ اس کاکوئی تعلق نہیں،اللہ تعالیٰ اسے توکُّل کے ذریعے دور کر دیتا ہے۔
لہذا ہر مسلمان کو بدشگونی سے بچنا لازم ہے۔