سوال: جس کے پاس 4 تو لے سونا ہو اور ساتھ کوئی رقم نہ ہوتو قربانی کا کیا حکم ہے؟
جواب: جس شخص کی ملکیت میں ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو یاسوناچاندی نصاب سےکم ہوں ، لیکن جس قدر ہیں ، ان دونوں کو ملا کر یا سونے یا چاندی کو کسی دوسرے مال کے ساتھ ملا کر ، اُن دونوں کی مجموعی قیمت عید الاضحی کے ایام میں ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر ہو ، یوں ہی حاجت اصلیہ(یعنی وہ چیزیں جن کی انسان کوحاجت رہتی ہے،جیسے رہائش گاہ،خانہ داری کےوہ سامان جن کی حاجت ہو،سواری اورپہننے کے کپڑے وغیرہ ضروریاتِ زندگی)سے زائد اگرکوئی ایسی چیزمِلکیت میں ہو ، جس کی قیمت تنہا یا سونے یا چاندی کے ساتھ ملا کر ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابرہو،تووہ نصاب کامالک ہےاوراُس پرقربانی واجب ہے۔
اورجس کے پاس صرف سونا ہی سونا ہے اوریہ ساڑھے سات تولے سے کم ہے اور ساتھ چاندی،رقم ، پرائز بانڈز یا کوئی اور ایسا مال نہیں ہے ، جس کے ساتھ مل کر مجموعی قیمت ساڑھے باون تولے چاندی کے برابر ہو،تو اس صورت میں قربانی لازم نہیں ہوگی۔